نیشنل کانفرنس کے صدر اور سابق مرکزی وزیر ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے الزام
لگایا کہ جموں وکشمیر میں پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی (پی ڈی پی) اور بھارتیہ
جنتا پارٹی (بی جے پی) مل کر گوجر اور بکروال کو پہاڑی سے، شیعہ کو سنی سے
اور مسلمان کو ہندو سے ، سکھ کو عیسائی اور بودھ سے، جموں کو کشمیر سے اور
کشمیر کو لداخ سے لڑوانے اور دور کرنے کی سازشوں پر عمل پیرا ہیں۔ہفتہ کو یہاں پارٹی ہیڈکوارٹر نوائے صبح کمپلیکس میں ضمنی انتخابات کے لئے
مہم کا باضابطہ آغاز کرتے ہوئے فاروق عبداللہ نے کہا آنے
والے انتخابات
ہمارے اور عوام کے لئے ایک امتحان کی گھڑی ہے، ایک طرف تمام فرقہ پرست
جماعتوں نے مل کر پی ڈی پی کو میدان میں اتار کر کشمیریوں کے مفادات کو سلب
کرنے کے لئے تمام مشینری متحرک کردی ہے اور دوسری جانب یہاں کے عوام کی
آواز کو تقسیم کرنے کے لئے نت نئے حربے اپنائے جارہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ عوام کو اس بات فیصلہ کرنا ہوگا کہ وہ راشٹر سیوک سنگھ (آر
ایس ایس) کو مضبوط کرنے کے لئے پی ڈی پی کو ووٹ دیں گے یا پھر اپنے مفادات
اور احساسات کے تحفظ کی ضامن نیشنل کانفرنس کوکامیاب بنائیں گے۔